راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)پنجاب کی جیلوں میں ایچ آئی وی ایڈزسے متاثرہ اسیروں کی تعداد 272 ہوگئی ، ان میں سےسب سے زیادہ 92مریض راولپنڈی ریجن کی جیلوں میں مقید ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ پنجاب بھرکی 42جیلوں میں میڈیکل سکریننگ کے دوران انکشاف ہواکہ صوبے کی 32جیلوں میں ایڈزکے مریض ہیں جس پرانہیں دیگراسیروں سے الگ کرکے ان کاعلاج معالجہ شروع کردیاگیاہے ، ایچ آئی وی ایڈز کے 272 مریضوں میں سے زیادہ 204 ایسے حوالاتی ہیں جن کے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں ، 68 سزا یافتہ قیدی ہیں۔ ان میں راولپنڈی ریجن کی پانچ جیلوں میں 92 ایچ آئی وی ایڈز کے قیدی ہیں جن میں سینٹرل جیل اڈیالہ میں 68، ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں3، ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں 11، ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں 8 اور ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں 2قیدی شامل ہیں۔ لاہور ریجن کی 7جیلوں میں 61،فیصل آباد ریجن کی جیلوں میں 43،ساہیوال ریجن کی جیلوں میں 23 ،سرگودھا ریجن کی پانچ جیلوں میں 21 قید ی ایڈزکے شکارہیں ۔ ملتان ریجن کی دو جیلوں میں ایچ آئی وی ایڈز کے 16 ، بہاولپور ریجن کی جیلوں میں 11اور ڈی جی خان ریجن کی تین جیلوں میں5 قیدی ہیں۔