صوابی (جنگ نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کارکردگی کو بدبو دار ٹوکرا قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کو یہ ٹوکرا سر پر اٹھانےکی ضرورت نہیں، ملک وینٹی لیٹر پر ہے جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے چلا گیا اس کو ٹھیک کرنے میں دوتین مہینے نہیں دوتین سال لگیں گے ، کرسی ہلی ہے تو دماغ بھی ہل گیا ہے، کہتے ہیں یہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، جب تک تمہاری کرسی رہی ادارے بہت اچھا ہوا کرتے تھے، اب کرسی نیچے سے کھسک گئی تو تمہیں میر جعفر اور میر صادق نظر آگئے، پاکستان کوجادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے جان چھوٹی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے چلےگئے اس کو راستے پر لانا دو تین مہینے کا نہیں بلکہ دو تین سال کا کام ہے، عمران خان کو عوام میں جانے دو ، عوام خود پوچھ لیں گے کہ ملک کا برا حال کیوں کیا۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کارکردگی بدبو دار ٹوکرا ہے، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کو یہ ٹوکرا سر پر اٹھانےکی ضرورت نہیں ہے، ن لیگ سےکہتی ہوں عمران کی بری کارکردگی کلنک کا ٹیکا ہے، اسے منہ پرلگانےکی ضرورت نہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کبھی فوج،کبھی عدلیہ اور کبھی میڈیا کو برا بھلا کہتے ہیں، میر جعفر قرار دیتے ہیں ، عمران خان کی غلاظت کا ٹوکرا فوج کیوں اٹھائے؟ یہ ٹوکرا عمران خان کو ہی اپنے سر پر اٹھانا پڑےگا ۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ کرسی ہلی ہے تو دماغ بھی ہل گیا ہے، کہتے ہیں یہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، جب تک تمہاری کرسی رہی ادارے بہت اچھا ہوا کرتے تھے، اب کرسی نیچے سے کھسک گئی تو تمہیں میر جعفر اور میر صادق نظر آگئے، قوم سب جانتی ہے تمہارے تماشوں کو اچھی طرح سمجھتی ہے، تمہاری شکایت صرف یہ ہے کہ جنہوں نے پہلے سروں پر بٹھاکر رکھا تھا اب وہ ساتھ دینے کو تیار نہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ صوابی والوں کو نوازشریف، شہبازشریف کا سلام پیش کرتی ہوں، لاہور لاہور ہوتا ہے چاہے خیبرپختونخوا میں ہو یا پنجاب میں ہو، یہاں کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، عوام نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کر کے (ن) لیگ کوفتح دلوائی۔
جھوٹوں،ڈرامے بازوں،فتنہ بازوں سے پاکستان کی جان چھوٹی، شکرہے ان قومی مجرموں سے پاکستان کی جان چھوٹی، پاکستان کوجادو، ٹونے کے اڈے کی طرح چلانے والوں سے جان چھوٹی۔