اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزکشن ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے احتساب عدالت کو مزید کارروائی سے روکنے کے حکم امتناع میں 7 جون تک توسیع کر دی ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ آصف علی زرداری کے وکیل وحید راجپر نے عدالت کو بتایا کہ فاروق ایچ نائیک بیرون ملک ہیں لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔ عدالت نے فاروق ایچ نائیک کے معاون وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے مذکورہ احکامات کے ساتھ سماعت 7 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔