• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بسمعہ معروف قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار، بیٹی اور والدہ ساتھ رہینگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمعہ معروف کو سیزن 23-2022 کیلئے خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ بورڈ نے اپنی پیرنٹل پالیسی کے تحت برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں کپتان بسمعہ معروف کی بیٹی فاطمہ اور والدہ کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح ویمنز ورلڈ کپ 2022کی طرح بسمعہ معروف بیلفاسٹ اور برمنگھم بھی اپنی بیٹی اور والدہ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ فاطمہ اور اپنی نانی کے ساتھ ولیج کی بجائے ہوٹل میں ٹھہریں گی۔ بسمعہ معروف نے کہا کہ وہ کیرئیر میں بھرپور تعاون اور اب فاطمہ کی پیدائش کے بعد ورک لائف توازن برقرار رکھنے پر کرکٹ بورڈ کی بہت مشکور ہیں۔ خیال رہے کہ سیزن کے دوران پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سمیت 25 میچز کھیلنے ہیں۔ سیزن کا آغاز رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز سے ہوگا۔ جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیلفاسٹ آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ میزبان آئرلینڈ اور ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔سہ ملکی سیریز کے بعد ٹیم برمنگھم میں 25 جولائی سے 8 اگست تک کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کریگی۔ اکتوبر میں آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہوں گے۔ اس کے بعد ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہوگی۔ اس کے فوری بعد پاکستان ویمنز ٹیم آسٹریلیا پہنچے گی، جہاں وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل میزبان ملک کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی ۔ بسمعہ معروف نے دسمبر 2006میں 15سال کی عمر میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ وہ 5000سے زائد انٹرنیشنل رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں۔

اسپورٹس سے مزید