کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ نے کہا ہے کہ دورے یورپ میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ ہوا، دورہ ہمارے لئے سودمند ثابت ہوا جس سے فائدہ ہوگا، میچز انٹر نیشنل تھے یا نہیں اس بارے میں فیڈریشن کو علم ہوگا، بیلجیم کی ٹیم میں ان کے قومی کپتان اور تین انٹر نیشنل کھلاڑی ہمارے خلاف ایکشن میں تھے۔ جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے سینٹرل معاہدے کی رقم میں اضافہ ہونا چاہئے، جب تک اداروں کی ٹیمیں بحال نہیں ہونگیں، ہاکی کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم نہیں کی جائیگی کھیل میں بہتری اور اچھے نتائج کی امیدیں بے سود ہیں۔ یورپ کے دورے میں ہر ٹیم نے اپنے نئے کھلاڑیوں کو آزمایا ہم نے بھی ساتھ سے آٹھ نئے کھلاڑیوں کو پہلی بار بڑے مقابلوں میں چانس دیا ، غیر ملکی کوچ ایکمین کے ساتھ کھلاڑیوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہے،معاشی مسائل حل کردئیے جائیں تو ٹیم چند سالوں میں جیت کے ٹریک پر آسکتی ہے۔ سپر ہاکی لیگ کا انعقاد کھیل کو مقبول بنانے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مد گار ثابت ہوگا،حالیہ چند برسوں میں ہمیں اچھے گول کیپرز ملے ہیں، فارورڈلائن کے علاوہ دفاعی لائن میں بھی نئے کھلاڑی ابھر کر آئے ہیں انہیں غیر ملکی کھلاڑیوں سے تجربے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کیلئے حکومت علیحدہ سے بجٹ مختص کرے، فیڈریشن شدید مالی بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے اس کے کئی منصوبوں میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ آسان نہیں،بھارت اور جاپان کی ٹیمیں بہت مضبوط ہیں۔