• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ وفات پاگئے، ملک میں 40 دن کا سوگ

اسلام آباد،راولپنڈی (نمائندگان جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کرگئے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے انتقال پر 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ،صدر ، وزیر اعظم ،ا ٓرمی چیف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ دکھ کی گھڑی میں یو اے ای کے غم میں برابر کی شریک ہیں.

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر 40 روز کے سوگ کے ساتھ 3 روز کی عام تعطیل بھی ہوگی جب کہ اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ صدارتی اعلان میں کہا گیا ہےکہ وفاقی سرکاری اور نجی شعبے میں تین دن تک تعطیل رہے گی۔

شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے اور انہوں نے اپنے والد شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کی وفات کے بعد یو اے ای کی قیادت سنبھالی تھی۔

شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی رحلت پر حکومت پاکستان نےتین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کے نو ٹیفیکیشن کے مطا بق13 سے 15 مئی تک پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

 انہوں نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی امت مسلمہ اور پاک-یو اے ای دوستی کیلئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی خبر سن کر گہرا رنج ہوا، متحدہ عرب امارات نے ایک دور اندیش رہنما اور پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا ہے.

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھاکہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہوگیا،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی ،وزیر خارجہ بلاول بھٹو،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان ،سابق صدر آصف علی زرداری ،پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نےشیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی قومی و بین الاقوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

دریں ا ثنا امریکی صدر جو بائیڈن نے کیا وہ امریکہ کے ایک حقیقی پارٹنر اور مخلص دوست تھے،ہم امریکہ اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں اور عوام کے درمیان تعلقات بنانے اور مستحکم رکھنے پر وہ ہمیشہ یادوں میں رہیں گے۔

ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زاید ال نہیان نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات نے ایک صالح بیٹا اور قائد کھو دیا ہے، میرے بھائی خلیفہ بن زاید، اللہ آپ پر رحم کرے اور جنت میں جگہ دے‘دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹر کے ذریعے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے عظیم قائد کو الوداع کہا۔یو اے ای کے صدر کے مشیر انور گرگیش نے ٹویٹ کیا کہ ’یو اے ای اور دنیا ایک ایسے مخلص لیڈر سے محروم ہوگئی۔‘

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کا کہنا تھاوہ اپنی قوم اور عوام کے لیے سخاوت کے لیے جانے جاتے تھے۔‘خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے جنرل سیکریٹری نایف الحجرف نے کہا کہ ’شیخ خلیفہ بن زاید کی وفات کے بعد ہم نے خلیج اور عرب کے اہم قائد کو کھو دیا ہے۔‘۔

اسی طرح بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ ال خلیفہ، عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل عبد الرحمن العسومی، عراق کے وزیراعظم مصطفٰی الکاظمی کے علاوہ ترکی کے صدر طیب ایردوان کی جانب سے بھی یو اے ای کے صدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید