• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسجد نبویﷺ واقعہ، پولیس کی شیخ رشید کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست خارج کرنے کی استدعا

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں زیر سماعت مسجد نبویﷺواقعہ پرسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست میں پولیس رپورٹ جمع کرا دی گئی،گزشتہ روز حافظ احتشام کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ایس پی سٹی زون اسلام آباد کی جانب سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے دائر درخواست خارج کرنے کی استدعاکرتے ہوئے بتایاگیاکہ حافظ احتشام احمد اور شیراز احمد فاروقی کی جانب سے شیخ رشید کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم دینے کیلئے درخواست دائر کی گئی، درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ وزیراعظم اور انکے وفد کے دورہ سعودی عرب کے دوران مسجد نبوی ﷺ میں حاضری کے موقع پر مسجد کے تقدس کی پامالی کی گئی، شیخ رشید نے مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کی پامالی کی منصوبہ بندی کی اور ایک پریس کانفرنس کے دوران لوگوں کو ایسا عمل کرنے پر اکسایا،ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو مذکورہ معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی جس نے رپورٹ دی ہے کہ مسجد نبوی ﷺ کی تقدس کی پامالی کے متعلق شیخ رشید احمد وغیرہ کیخلاف تھانہ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مذکورہ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295،295 اے،296 اور 109 لگائی گئی ہے،شیخ رشید احمد نے مذکورہ مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ سے عبوری ضمانت لی ہوئی ہے،سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے مطابق ایک واقعہ کی ایک سے زیادہ ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکتی،شیخ رشید احمد کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کیا جائے، عدالت نے سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی،آئندہ سماعت پردرخواست گزار درخواست کے حق میں دلائل دینگے۔

ملک بھر سے سے مزید