• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، 3 ہزار سے زائد مردہ مرغیاں بر آمد، 3 رکنی گروہ سر غنہ سمیت گرفتار

پشاور (جنگ نیوز) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے 3 ہزارسے زائد مردہ مرغیا ں بر آ مد کر کے 3 رکنی گروہ کوسر غنہ سمیت گرفتار کر لیا ، گروہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کے ریسٹورنٹس، شورمہ اور برگر سمیت دیگر دکانوں کو سپلائی کر تا تھا، ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان کی انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں پولٹری کا کاروبار کر نے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جا ری کر دی ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کو اطلاع موصول ہوئی کہ فقیر کلے میں ایک گروہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کے مختلف ریسٹورنٹس کو سپلائی کر تا ہے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری کاروائی کا حکم د یدیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لطف الرحمان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے ایس ایچ او کامران خان کے ہمراہ پجگی روڈ پر فقیر کلے میں ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا، مردہ مرغیوں کو صاف کر کے ان کا گوشت سپلائی کر نے والے گروہ کے سر غنہ سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا اور موقع سے 3000 سے زائد مردہ مرغیوں کو قبضہ میں لے لیا۔