سیالکوٹ(نمائندگان جنگ ) مسیحی برادری کے شدید احتجاج کے باعث پی ٹی آئی کو سیالکوٹ جلسے کا مقام تبدیل کرنا پڑا۔ پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود نے سینیٹر اعجاز چودھری کے ہمرا ہ ہفتے کے روز سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ جلسے کرنا ہمارا جمہوری حق ہے لیکن ہمارے پرامن لوگوں پر تشدد کیا گیا، خواجہ آصف کے کہنے پر انتظامیہ نے تشدد کیا ۔ان کامزید کہنا تھا کہ جلسہ ہو گا اور ہر صورت ہو گا، آج سیالکوٹ میں وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے عثمان ڈار اور دیگر کو رہا کیا جائے۔ مسیحی برادری کے احتجاج کے باوجود سیالکوٹ چرچ گراؤنڈ میں جلسہ کی کوشش پرپولیس نے دھاوا بول دیا۔ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈارکو متعدد کارکنوں سمیت گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی قیادت کو جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا جس سے انہوں نے انکار کردیا۔ جلسہ گاہ تبدیل نہ کرنے پر پولیس حرکت میں آئی اور عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، علی اسجد ملہی، مہر کاشف، سعید احمد ، بیرسٹر جمشید غیاث بھلی کوحراست میں لے لیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے جلسہ گاہ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کردیا اور گراؤنڈ کو خالی کروالیا۔ پولیس نے سی ٹی آئی گرائونڈ میں سیٹج سے کرسیوں کو اٹھا کر پھینک دیا اور فیکس بھی اتار دیں۔