• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے اسٹیبلشمنٹ سے بہتر تعلقات کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، پرویز الٰہی

لاہور(آئی این پی)مسلم لیگ (ق)کے صدر و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کی بجائے عمران خان سیاسی مخالفین کو ہٹ کریں.

 عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہوں،جب بھی عمران خان کے پاس جاتا ہوں تو یہی کہتا ہوں ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی نہیں کرنی بلکہ ہمارا ہدف ہمارے سیاسی مخالفین ہونے چاہئیں۔

غیر ملکی میڈیا کوانٹرویو دیتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی اس سے زیادہ نیوٹریلٹی کیا ہو گی کہ ایک وزیراعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی اور اسٹیبلشمنٹ نے اس دوران کچھ نہیں کیا۔

عمران خان کے پونے چار سالہ دورِ اقتدار میں خارجہ پالیسی کے محاذ پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کے تعلقات میں اونچ نیچ آتی رہی اور معاملات حل بھی ہوتے رہے، کوشش ہے دونوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوں، ہم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں بہتری کے لئے وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔

پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں قومی اسمبلی کے لئے فوری انتخابات ہوں اور صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کریں، عمران خان جو دبائو ڈال رہے ہیں اور لانگ مارچ کا عندیہ دے رہے ہیں وہ اسی لئے ہے کہ جلد سے جلد نئے الیکشن ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اب کیوں بیساکھیاں تلاش کررہے ہیں، اب یہ کیوں کسی کو ملوث کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اب یہ حکومت کریں اور ڈلیور کر کے دکھائیں، اشیا کی قیمتیں نیچے لے کر آئیں اور بجلی کا مسئلہ ٹھیک کریں، پاکستان کی معیشت کو اگر فوری طور پر سہارا نہ ملا تو حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔

شریف برادران کے ساتھ ہمارا ٹریک ریکارڈ اتنا اچھا نہیں تھا، انہوں نے ہر موقع پر ہمیں دھوکا دیا، ہم 22برس تک مسلم لیگ(ن)کے ساتھ رہے اور کئی مواقع پر وزارتِ اعلی کے وعدے کے بعد بھی ہمیں دھوکا دیا گیا، شجاعت حسین اور ان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے.

 طارق بشیر چیمہ بھی موجودہ حکومت میں وزیر ہیں، لیکن وہ مسلم لیگ(ق)کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں، جیسے ہی وزارتیں ختم ہوں گی تو سب گھر واپس آ جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید