کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا 31مئی تک اہم فیصلے آجائیں گے،ماہر قانون سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے پر عمل کرنے کی حکومت پابند ہے، سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے اثرات پنجاب میں مرتب ہوں گے،سینئر تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بحث سیاست کی طرف آگئی ہے،شیخ رشید نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا 31مئی تک اہم فیصلے آجائیں گے، آج ن لیگ کا چالیسواں ہورہا ہے، پاک فوج عظیم فوج ہے اس کے احترام میں میری جان و مال حاضر ہے، حکومت نے آج فوج سے کہا ہمیں لانگ مارچ سے بچایا جائے، انہوں نے مدد مانگی کے لانگ مارچ کسی طرح بجٹ کے بعد کروادیں، رات بارہ بجے بھی جو فیصلہ آیا وہ بھی ہمارے حق میں آیا تھا اس سے دنیا پلٹ گئی، جو بھی فیصلہ ہوتا ہے وہ ہمارے حق میں چلا جاتا ہے، مدد مانگی لانگ مارچ بجٹ کے بعد کرادیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ کھیل ختم ہوگیا ہے،ڈی سی اسلام آباد کا وزیراعظم ہوتا ہے شہباز شریف کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے، صدر وفاق میں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں گے تو منحرف ارکان ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، یہ طے ہوگیا ہے کہ نگران وزیراعظم آرہا ہے، 31مئی تک معیشت دان نگراں وزیراعظم آجائے گا، عمران خان اسلام آباد میں بیس لاکھ لوگ بلارہا ہے یہاں تیس لاکھ لوگ آئیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل ستمبر میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردینا ہوگا، پاکستان کی عظیم فوج دوراندیش ہے، ایم کیو ایم کل سب کچھ ٹی وی پر کہہ گئی ہے، بی اے پی بھی حکومت سے نکلے گی، آصف زرداری نے ہاتھ پاؤں باندھ کر لکشمی چوک پر ان کی سیاست کو غرق کردیا ہے، آصف زرداری نے فیصل آباد کے گھنٹہ گھر میں ان کی سیاست کو زندہ دفن کردیا ہے، ن لیگ عوام میں جانے کے قابل نہیں رہی ہے۔