راولپنڈی(آئی این پی ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں 6 جون تک توسیع کردی گئی۔عدالت نے شیخ رشید کو آئندہ تاریخ تک گرفتار اورہراساں نہ کرنے کا بھی حکم دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ کے جج جسٹس امجد رفیق نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کی عبوری ضمانت میں 6 جون تک توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت میں تھانہ اٹک اورتھانہ مدینہ ٹاون فیصل آباد کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔ شیخ رشید کی ضمانت قبل از گرفتاری 18 مئی تک منظور ہوچکی تھی جبکہ شیخ رشید کے خلاف توہین مذہب کے گیارہ مقدمات درج ہیں۔ سابق وزیرداخلہ کے خلاف مقدمات گیارہ مختلف شہروں میں درج ہیں جن میں ان پر مسجد نبوی کے افسوس ناک واقعے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔