• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

APNS کا ادائیگیوں میں تاخیر اور پرنٹ میڈیا کو نظر انداز کئے جانے پر اظہار تشویش

کراچی (نیوز ڈیسک) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی نے سند ھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ اشتہارات کے ضمن میں ادائیگیوں میں بلاجواز تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبارات اور اشتہاری ایجنسیوں کو ادائیگیوں کے بارے میں سندھ انفارمیشن میں میرٹ پر مبنی نظام پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا بلکہ من پسند اخبارات اور اشتہاری ایجنسیوں کو ادائیگیاں کی جاتی ہیں جس کے باعث بیشتر اخبارات شدید مالی مسائل سے دوچار ہیں ۔اے پی این ایس کی سندھ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین جاوید مہر شمسی کی صدارت میں اے پی این ایس ہائوس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت واجبات کی ادائیگی اور اشتہارات کے اجراء میں پرنٹ میڈیا کو نظر انداز کررہی ہے اور ادائیگیوں کی بڑی تعداد الیکٹرانک میڈیا کو جاری کی جارہی ہے۔اخبارات میں صوبائی اشتہارات کے حجم میں معتدبہ کمی واقع ہورہی ہے ۔سندھ کمیٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض اخبارات بشمول روزنامہ جسارت اور روزنامہ دیانت کو اشتہارات کا اجراء یکسر روک دیا گیا ہے ۔ اراکین نے مطالبہ کیا کہ سندھ انفارمیشن روزانہ کی بنیاد پر جاری کردہ اشتہارات کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ اشتہارات کے اجراء میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اجلاس نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ صوبائی پبلسٹی بجٹ میں سے پرنٹ میڈیا کیلئے 40فیصد مختص بجٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ صوبے کے اخبارات کی ترقی و ترویج ممکن ہوسکے اور وہ مالی بحران سے نبردآزما ہوسکیں کیونکہ موجودہ صورتحال میں بیشتر اخبارات کے بند ہونے کا اندیشہ ہے جس سے اخباری صنعت میں کام کرنے والے صحافی اور اخباری کارکنوں کی بڑی تعداد کو بے روزگاری اور تالہ بندی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔اجلاس نے فیصلہ کیا کہ سندھ کمیٹی کا ایک وفد صوبائی وزیر اطلاعات سے ملاقات کرے گا تاکہ انہیں صوبے کی اخباری صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جاسکے ۔اجلاس میں جاوید مہر شمسی چیئرمین سندھ کمیٹی، سرمد علی صدر اے پی این ایس، یونس مہر نائب چیئرمین،نجم الدین شیخ ،قاضی مصطفی عباسی ،علی بن یونس ،زاہدہ عباسی ، سلیم ، منگل داس اروانی،قاضی سجاد اکبر، ممتاز علی پھلپوٹو، سید اکبر طاہر ،نصراللہ جمالی ، مختار احمد عاقل، اقبال حسین تونیو، حسینہ جتوئی، فیصل شاہ جہاں،محمد عرفان اورایم مرادنے شرکت کی۔
ملک بھر سے سے مزید