• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتاری کے پیچھے ن لیگ اور رانا ثناء اللّٰہ ہیں، شیریں مزاری

لاہور(نمائندہ جنگ)تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہاہےکہ ان کی گرفتاری کے پیچھے ن لیگ اور رانا ثنا اللہ ہیں۔ بیٹی ایمان مزاری کاکہناتھاکہ والدہ کو گرفتار نہیں اغوا کیاگیا۔

سابق وزیر اعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےکہاہےکہ امپورٹڈ حکومت ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے،سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہناتھاکہ واقعہ عمران کی گرفتاری کے سلسلے کی کڑی ہے،فواد چوہدری کاکہناتھاکہ ملک کوخطرناک بحران میں دھکیلاجارہاہے۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کی گرفتاری کے ردعمل میں میڈیا سے گفتگو میں بیٹی ایمان زینب مزاری نےالزام عائدکیاکہ ان کی والدہ کو مرد پولیس اہلکاروں نے مارا،مجھے صرف یہ بتایا گیا کہ گرفتار کرنے والے اینٹی کرپشن ونگ لاہور کے اہلکار ہیں۔

ایمان مزاری نے کہا کہ میری والدہ کو گرفتار نہیں اغوا کیا گیا ہے، یہ حکومت ایسی حرکتیں کرے گی تو میں ان کے پیچھے آؤں گی، میری والدہ کو جبراً لاپتا کیا گیا ہے۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےشیریں مزاری کی گرفتاری پراحتجاج کااعلان کرتےہوئےکہاکہ شیریں مزاری کو اس فسطائی حکومت نے گھر کے باہر سے اغوا کر لیا، وہ مضبوط اور نڈر خاتون ہیں۔

اگر امپوٹڈ حکومت سمجھتی ہے وہ اسے اس فسطائیت سے مجبور کر سکتی ہے تو انہوں نے غلط اندازہ لگایا ہے، ہماری تحریک مکمل طور پر پُرامن ہے لیکن یہ فاشسٹ امپورٹڈ حکومت ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے، معیشت کو یکدم گرا دینا کافی نہیں تھا، اب یہ انتخابات سے بچنے کے لیے انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ 

شیخ رشید نے کہا کہ یہ ملک کو انارکی کی طرف لے جائیں گے کیونکہ انہیں ڈیڑھ سال کی چھوٹ نہیں ملی، حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے نئے آئی جی تعینات کردیئے ، ایس ایچ اوز بھی اپنے لگادیئے ہیں جب کہ انہوں نے گرفتاریوں کے لیے فہرستیں تیارکرلی ہیں، شیریں مزاری کی گرفتاری اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے، عمران خان کی گرفتاری ہوسکتی ہے۔

فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتےہو ئےکہا عمران خان کو گرفتار کرنے والے کا پاکستان میں رہنا مشکل ہو جائے گاہم ملکی معیشت مستحکم چھوڑ کر گئے لیکن پاکستان کو خطرناک معاشی بحران میں دھکیلا جارہا ہے۔

کہا جا رہا ہے اگلے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں لیکن میں کہتا ہوں 48 گھنٹے بھی اس حکومت کے لیے بہت زیادہ ہیں، ہمیں 90 دن سے ایک بھی دن اوپر عبوری حکومت منظور نہیں۔بعد ازاں عدالت میں پیشی کے موقع پر شیریں مزاری کا کہنا تھاکہ میرا فون ابھی تک واپس نہیں کیا گیا۔

میری گرفتاری کے پیچھے ن لیگ اور رانا ثنا اللہ ہیں، مجھے وارنٹ نہیں دکھایا گیا، خواتین پولیس اہلکاروں نے مجھے گاڑی سے گھسیٹ کر نکالا،شیریں مزاری کا کہنا تھاکہ ایک سادہ کپڑوں والے نے میراموبائل چھینا جو ابھی تک واپس نہیں ملا، میرے ناخن نوچے گئے۔

کرمنل رویے کا مظاہرہ کیا، موٹروے پر لے کر گئے اور چکری کے پاس گاڑی روک لی، میں نے کہا کہ 70 سال عمر ہے اور مریضہ ہوں، ایک ڈاکٹرآیاکہ آپ کامیڈیکل ٹیسٹ کرناہےکہ آپ سفرکےقابل ہیں یا نہیں۔

اہم خبریں سے مزید