کراچی، لاہور، کوئٹہ(نیوز ایجنسیاں)سیاسی و سماجی رہنمائوں اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے مریم نواز سےمتعلق متنازع بیان کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدراور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ مریم نواز کے لیے عمران خان کے الفاظ سن کر سر شرم سے جھک گیا، عمران خان نے جتنا سیاست کو آلودہ کیا ہے کسی نے نہیں کیا۔ پارٹی کا لیڈر خود کارکنان کو بد تہذیبی کا درس دے رہا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس بد تہذیبی کی سونامی کو روکنا ہوگا۔متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نےکہاکہ عمران خان کو گفتگو کرتے ہوئے مشرقی روایات کو سامنے رکھنا چاہیے۔ ماں، بہن، بیٹی کسی کی ہو لائقِ عزت و تکریم ہے سیاسی تقاریر میں تہذیب اور اخلاقی اقدار کو ملحوظ خاطر رکھنا سیاسی رہنمائوں کی ذمہ داری ہے، قوم کی مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی خدمات قابل قدر ہیں مائیں بہنیں بیٹیاں ہمارے معاشرے میں سانجھی ہوتی ہیں ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان و جمعیت علماءاسلام کے رہنماءمولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی پاکستان کاسب سے بدتمیز بدزبان اوربدتہذیب پارٹی رہنماہے،پی ڈی ایم عمران نیازی کی گندی سوچ،گندی زبان،اور گندی الفاظ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدروصوبائی پارلیمانی لیڈراصغرخان اچکزئی نے کہاہے کہ جب سے عمران نیازی کوسیاست میں واردکیاگیاسیاست سے شائستگی شرافت باہمی رواداری کاجنازہ نکالاگیا مریم نوازسے متعلق ریمارکس قابل مذمت ہے اس طرح نازیباالفاظ کا استعمال ایک گرا ہوا شخص ہی کرسکتاہے۔