• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈیز کو ون ڈے میں پوری قوت سے کچلنے کا پلان، ٹیم کا اعلان، تمام سینئرز شامل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوا اور سلیکٹرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں کسی سینئر کھلاڑی کو آرام دینے سے گریزکیا ہے۔کیریبین سائیڈ کو پوری قوت سے کچلنے کا پروگرام بنایا گیا ہے تاہم کائونٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شان مسعود کو ایک بار پھر نظر انداز کیا گیا ہے۔ سیریز کیلئے16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ تین اوپنرز، تین مڈل آرڈر بیٹرز، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور پانچ فاسٹ بولر کو جگہ دی گئی ہے۔ کورونا ایس او پیز نارمل ہونے کے بعد سیریز پہلی بار بایو سکیور ببل کے بغیر کھیلی جائے گی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز مینیجڈ انوائرنمنٹ میں نہیں ہوگی، لہٰذا سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ 21رکنی اسکواڈ کو کم کرکے 16کھلاڑیوں تک محدود کردیا ہے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر کھلاڑیوں کو مختصر وقت میں بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔ محمد نواز اور شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے آصف آفریدی اور عثمان قادر کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ آسٹریلیا سیریز میں حصہ لینے والی ٹیم سے آصف علی اور حیدر علی کو بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ سعود شکیل سائنوسائٹس سرجری کے باعث سلیکشن کیلیے دستیاب نہیں تھے۔ انجری سے صحتیاب ہونے پر وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی واپسی ہوئی ہے۔ زاہد محمود بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ سیریز کے تینوں ون ڈے انٹرنیشنلز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز آٹھ، دس اور بارہ جون کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر) محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود۔ تربیتی کیمپ کیلئے پلیئرز یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرینگے۔ انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف محمد رضوان، حسن علی، شاداب خان اور حارث رؤف بھی وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ چونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، لہٰذا بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسپورٹس سے مزید