• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لانگ مارچ،لاہوراور شیخوپورہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کریک ڈاؤن

لاہور، شیخوپورہ(نمائندہ جنگ)لانگ مارچ کے تناظر میں لاہوراور شیخوپورہ میں پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف کریک ڈائون شروع ،پولیس نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے گھر کینال روڈ اور پی ٹی آئی کے رہنماحافظ ذیشان رشید کے گھر سمن آباد ، جبکہ تحریک انصاف کے ضلع شیخوپورہ کے صدر چوہدری کنور عمران سعید خان ایڈووکیٹ کے گھر پر چھا پہ مارا ،تاہم پولیس کسی کو گرفتار نہ کرسکی اور رات گئے واپس لوٹ آئی۔پی ٹی آئی شیخوپورہ کے رہنماؤں حافظ مدثر مصطفی خان وحید اللہ بنگش بدرمنیر چوہدری ایڈووکیٹ، پیر ارشد ہاشمی اور دیگر رہنماؤں کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپے مارے۔ حماد اظہر کی والدہ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ پولیس نے ان کے گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حماد اظہر کے گھر پارٹی اجلاس ہو رہا تھا جس میں میاں محمودالرشید،ظہیر کھوکھر سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے ،اس دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچی تو تمام عہدیداران غائب ہوگئے ۔ یاسمین راشد نے پولیس کےاقدام کی مذمت کرتےہوئے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ہمیں نہیں ڈرایا جا سکتا ۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کسی کو گرفتار کرنے نہیں گئی بلکہ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، پولیس پورے لاہور میں کارروائیاں کرتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید