کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی معیشت سنبھالنے میں ٹرمپ کی ناکامی، ووٹرز کا اعتماد کم ہونے لگا۔ معیشت اور روزگار کارکردگی پر صرف 25 فیصد عوام مطمئن، امریکی صدر انتخابات سے پہلے ریپبلکنز کیلئے خطرہ بن گئے۔ مہنگائی مکائو پالیسی کو بھی عوامی حمایت حاصل نہیں، دو تہائی سے زائد امریکیوں کے نزدیک معیشت غلط سمت پر ہے۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز اور تحقیقی ادارے فوکل ڈیٹا کے تازہ سروے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ وسط مدتی انتخابات سے چند ہفتے قبل بھی عوامی حمایت بحال کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ صرف 34 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز ٹرمپ کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں، جبکہ محض 25 فیصد ان کی معاشی اور روزگار سے متعلق پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ مہنگائی سے نمٹنے کے معاملے پر صدر کو تقریباً 20 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے، جبکہ دو تہائی سے زائد افراد کا خیال ہے کہ امریکی معیشت غلط سمت میں جا رہی ہے۔ سروے میں 45 فیصد ووٹرز نے کہا کہ ٹرمپ کی موجودہ مقبولیت ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی کامیابی میں رکاوٹ بن رہی ہے، جبکہ کانگریس کے انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ریپبلکنز پر پانچ فیصد سے زیادہ پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ یہ سروے 2 سے 4 اکتوبر کے دوران 2,275 رجسٹرڈ ووٹرز سے کیا گیا، جس میں غلطی کی ممکنہ حد 2.5 فیصد پوائنٹس بتائی گئی ہے۔