• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکس سروس مین سوسائٹی کی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی، گورنر راج کی حمایت

راولپنڈی (عاصم جاوید) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے حوالے سے وفاقی حکومت کے اقدام کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر کنٹرول، امن و امان کی بہتری، خوف و ہراس کا خاتمہ ہو گا، صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے کے لئے موثر اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے، جبکہ وطن کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لئے پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے تمام ریاستی اداروں اور متعلقہ حکومتوں کو سنجیدگی، یکجہتی اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ عزیز احمد اعوان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے حوالے سے موثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ موثر تعاون نہ ہونے اور دیگر معاملات میں الجھے رہنے کے باعث صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال مزید سنگین ہوئی، جس کے نتیجے میں وفاقی حکومت کو یہ قدم اٹھانا پڑا۔توقع ہے اس اقدام سے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی پر قابو پانے، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کو خوف و ہراس سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا امن، استحکام اور قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہئے۔

اہم خبریں سے مزید