کراچی (ثاقب صغیر)میر رضا کیس میں موت کی وجوہات، پولیس تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کے درمیان سامنے آنے والے اختلافات نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ میر رضا کے اہلخانہ واقعہ کو قتل قرار دے رہے ہیں جبکہ پولیس کا مؤقف ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔ دونوں پوسٹ مارٹم رپورٹس اور پولیس تفتیش میں واضح اختلاف ،تفتیش کس بنیاد پر آگے بڑھائی گئی؟ مختلف شواہد کا جائزہ کس سطح پر لیا گیا ، تفتیش میں خامیاں تھیں تو اصلاح کیلئے کیا اقدامات کیے گئے۔ مزید فارنزک جانچ، ماہرین کی رائے یا تفتیش کے مخصوص پہلوؤں کی دوبارہ چھان بین اہم ہو سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متضاد موقف کے درمیان حقائق تک پہنچنے کے لیے قائم کمیشن کی کارروائی اور اس کے ممکنہ فیصلے پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔کمیشن کی کارروائی کے دوران پولیس کی تفتیش سے متعلق متعدد خامیوں کی نشاندہی نے کیس کی تحقیقات پر اہم سوالات کھڑے کیے ہیں۔ ایسے مقدمات میں تفتیش کا غیر جانب دار، شواہد پر مبنی اور ہر ممکن پہلو کا احاطہ کرنے والا ہونا بنیادی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ابتدائی تفتیش میں رہ جانے والی خامیاں بعد میں حقائق کی درست تشریح اور ذمہ داروں کے تعین میں مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر تفتیش کے دوران خامیاں موجود تھیں تو کیا ان کا ازالہ کیا گیا؟ کیا پولیس نے تمام دستیاب شواہد، گواہوں کے بیانات اور طبی و فارنزک نتائج کو یکجا کرکے واقعہ کی نوعیت متعین کرنے کی کوشش کی؟ کمیشن کے سامنے ان سوالات کے جوابات کیس کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔کیس کا ایک اہم اور حساس پہلو دونوں پوسٹ مارٹم رپورٹس میں واضح اختلاف ہے۔ جب کسی موت کی نوعیت کے تعین میں طبی شواہد بنیادی اہمیت رکھتے ہوں تو رپورٹس کے درمیان فرق کو دور کرنے کے لیے ماہرین کی غیر جانب دار رائے ضروری ہو جاتی ہے۔اس کے باوجود اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق شہر کے کسی بڑے فارنزک ماہر کو کمیشن میں طلب نہیں کیا گیا۔ اس صورت حال نے یہ سوال پیدا کیا ہے کہ دونوں رپورٹس میں موجود اختلافات کی سائنسی بنیادوں پر وضاحت کیسے ہوگی اور موت کی وجہ کے تعین میں کون سے شواہد کو زیادہ اہمیت دی جائے گی؟فارنزک ماہر کی رائے نہ صرف طبی شواہد کی تشریح میں مدد دے سکتی ہے بلکہ یہ سمجھنے کے لیے بھی اہم ہو سکتی ہے کہ دستیاب مواد سے کون سے نتائج اخذ کیے جا سکتے ہیں اور کن پہلوؤں پر مزید تحقیقات درکار ہیں۔کمیشن کی کارروائی میں سینئر پولیس افسران کو بھی طلب نہیں کیا گیا جس کے باعث پولیس کی تفتیش، نگرانی اور فیصلوں کے حوالے سے اہم سوالات اپنی جگہ موجود ہیں۔یہ جاننا ضروری ہے کہ تفتیش کس بنیاد پر آگے بڑھائی گئی، مختلف شواہد کا جائزہ کس سطح پر لیا گیا اور اگر تفتیش میں خامیاں موجود تھیں تو ان کی نشاندہی اور اصلاح کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔سینئر افسران کو کمیشن میں بذات خود پیش ہونے سے سے ان سوالات کے جوابات سامنے آنے میں مدد مل سکتی تھی تاہم آئی جی سندھ، کراچی پولیس چیف، تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ، ایس ایس پی ایسٹ اور ڈی آئی جی ایسٹ کو بذات خود طلب نہیں کیا گیا بلکہ ان سے تحریری جواب مانگے گئے ہیں۔میر رضا کیس میں اہلخانہ کا قتل کا دعویٰ ہے جبکہ پولیس کا خودکشی کا موقف ہے ۔دونوں کی جانچ غیر جانب دارانہ انداز میں ہونا ضروری ہے۔کمیشن کے سامنے ایک اہم چیلنج یہ ہے کہ پولیس کی تفتیش میں سامنے آنے والی خامیوں، پوسٹ مارٹم رپورٹس کے اختلافات اور فارنزک شواہد کی روشنی میں حقائق کا ایسا جائزہ لیا جائے جس سے واقعہ کی نوعیت کے تعین میں مدد مل سکے۔اگر موجودہ شواہد کسی حتمی نتیجے کے لیے ناکافی ہوں تو مزید فارنزک جانچ، متعلقہ ماہرین کی رائے یا تفتیش کے مخصوص پہلوؤں کی دوبارہ چھان بین بھی اہم ہو سکتی ہے۔اس کیس میں کمیشن کا فیصلہ صرف ایک خاندان کے لیے اہم نہیں بلکہ پولیس تفتیش،میڈیکو لیگل نظام اور فارنزک شواہد کی اہمیت کے حوالے سے بھی اس کے اثرات ہو سکتے ہیں۔ کسی بھی نتیجے کی ساکھ اسی وقت مضبوط ہوگی جب اس کی بنیاد قابل تصدیق شواہد، سائنسی تجزیے اور تمام متعلقہ پہلوؤں کے منصفانہ جائزے پر ہو۔کیا کمیشن پولیس تفتیش میں سامنے آنے والی خامیوں اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کے اختلافات کا تسلی بخش جواب دے سکے گا یا معاملے کے مزید پہلوؤں کی جانچ کی ضرورت محسوس کی جائے گی؟ ان سوالات کے جواب ہی واضح کریں گے کہ میر رضا کیس میں حقائق تک پہنچنے کے لیے اگلا قدم کیا ہوگا۔