کراچی (ٹی وی رپورٹ) سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ گورنر راج عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ، عدالت جائیں گے۔ وفاقی وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ گورنر راج کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہے، ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے سینئر صحافیوں احسان اللہ ٹیپو اور سلیم صافی نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ میں خود دہشت گردی کا شکار رہا ہوں میں مانتا ہوں کہ دہشت گرد اور دہشت گردی اس ملک کے لئے اس معاشرے کے لئے ناسور ہیں اس سے لڑنا اور اس کو ختم کرنا اس ملک کے لئے اس ریاست کے لئے بہتر ہے پاکستان تحریک انصاف نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہم دہشت گردوں کے ساتھ ہیں کے پی کابینہ نے تو 5 ارب روپے بھی دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے منظور کئے جبکہ کرم او ردیگر اضلاع میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والے آپریشن میں 20 ارب روپے رکھے گئے پولیس کا بجٹ بھی کے پی حکومت نے بڑھایا کے پی حکومت نے تو سب کچھ اپنی جیب سے کیا شہدا تک کے لئے الگ سے فنڈ رکھے گئے ۔ انہوں نے کہا کے پی وہ واحد صوبہ ہے جس نے فوج کے 900سے زائد شہداء کے اہل خانہ کے لئے رقوم رکھیں ۔ انہوں نے گورنر راج کے نفاذ پر کہا ایشو مشاورت نہ ہونے پر ہوا ہے کیونکہ نیشنل ایکشن پلان میں تو مشاورت کا لکھا ہوا ہے لیکن یہاں یہ ہوتا ہے کہ بغیر صوبائی حکومت کی مشاورت کے انہیں اعتماد میں لئے بغیر وفاقی حکومت مداخلت کرتی ہے ۔ ہم تو چاہتے تھے کہ آپس میں بیٹھ کر جوائنٹ اسٹرٹیجٹی بنائیں اور اس پر مشاورت کریں کیونکہ ہم صوبے میں عوام کے ووٹو ں سے منتخب ہوکر آئے ہیں اور جب اس صوبے میں آپریشن ہوں گے اور اس میں دہشت گرد کم اور دیگر لوگ زیادہ مارے جائیں گے تو پھر لازم ہے کہ صوبے کے عوام ہمیں ہی مورد الزام ٹھہرائیں گے اسی لئے کہا گیا تھا کہ ہم اکٹھے بیٹھتے ہیں اور جو دہشت گردی سے نمٹنے کا طریقہ کار ہے جس پر اختلاف ہے اس پر بیٹھ کر بات کریں جس پر کہا گیا کہ اس پر بات نہیں ہوگی ۔ اور یہ جو Deference of Opinion ہے یہ اس دفعہ نہیں ہوا ہے جتنی بھی حکومت سے میٹنگز ہوئی ہیں ان سب میں یہی Deference of Opinion رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنر راج کو ہم عوام مینڈیٹ پر ڈاکہ سمجھتے ہیں ہمارے پاس عدالت کا راستہ موجود ہے ہم عدالت جائیں گے جبکہ ہراسمبلی فلور پر بھی اس کو اٹھائیں گے ۔ پنجاب اسمبلی میں بھی اس کو اٹھایا جائے گا جبکہ سندھ اسمبلی میں بھی اس مسئلہ کو اٹھائیں گے قومی اسمبلی میں بھی اس پر بات کریں گے ۔ اس سوال کے پی ٹی آئی کی جانب سے عوام کو باہر نکلنے کے لئے اکسایا گیا لیکن لوگ نہ نکلے کے جواب میں انہوں نے کہا جب اس حد تک خوف و ہراس پھیلادیا جائے گا ہمارے ایم این ایز کو اٹھالیا جائے گا تو پھر کیا ہوگا ۔انہوں نے کہا جو لوگ نظریات پر جنگ لڑتے ہیں وہ اقتدار ملنے یا ناں ملنے پر ناں اپنے نظریہ کو چھوڑتے ہیں اور ناں ہی جدوجہد کو ۔ میں ایک سیاسی آدمی ہوں اور میں سمجھتا ہوں کہ جو سیاسی پارٹیاں ہیں ان کو ایکسٹریم پوزیشن لینے کے بجائے سیاسی راستہ اپنانا چاہئے اور انہیں اپنے سیاسی اصولوں پر کھڑا رہنا چاہئے اور اس کے لئے پھر جو چاہے نقصان ہوجائے وہ ان کو کرلینا چاہئے ہماری امید خدا کی ذات کے بعد اب عدالتوں سے ہی ہے ۔ سہیل آفریدی اور جنید اکبر کی گرفتاری کے حوالے سے سوال کے جواب میں سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا سہیل آفریدی اور جنید اکبر کی گرفتاری کی اطلاعات ہمارے پاس ہیں کچھ لوگوں سے ہمارا رابطہ نہیں ہوپارہا ہے تاہم ہمیں یہ نہیں پتہ کہ وہ Detain ہوگئے ہیں یا نہیں ہوئے ہیں اس لئے ہم کوئی مصدقہ بات نہیں کہہ سکتے ہیں یہی شفیع جان کے حوالے سے بھی ہمیں کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم اس کی ٹوئٹس آرہی ہیں ویسے وجہ یہ بھی ہے کہ بہت سی جگہوں پر انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ہے اس لئے کچھ معلوم نہیں ہوپارہا ہے ۔ اپنے حوالے سے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جب سے سہیل آفریدی وزیراعلیٰ بنے تب سے میں ابھی تک پشاور نہیں گیا ہوں لہٰذا وزیراعلیٰ ہاؤس کیا جاتا اور ناں ہی میں کے پی وزیراعلیٰ ہاؤس میں روپوش رہا ۔