• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، چوہدری عظیم

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ) برطانیہ میں کشمیر رابطہ کمیٹی کے سابق صدر ممتاز کشمیری رہنما حا جی چوہدری محمد عظیم نےکہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال کے حوالے سے لندن میں آل پارٹی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے روڈ میپ پر بات کی جاسکے ۔ کشمیری جماعتوں اور وزارت خارجہ کی سطح پر موثر کشمیر کوآرڈی نیشن کو نسل ہونی چاہیے تاکہ برطانیہ میں کشمیری جماعتوں کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی ملتی رہے۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر سے دونوں اطراف کے کشمیری مطمئن نہیں ہیں ۔ان کی تقریر کشمیری عوام کی ترجمانی نہیں کرتی۔مسئلہ کشمیر پر زبانی جمع خرچ زیادہ ہے تنازع کے حل کیلئے سنجیدگی کا فقدان ہے ۔اس وقت برطانیہ مسئلہ کشمیر کا دوسرا بڑا بیس کیمپ ہے۔انہوں نے کہا کہ رائے شماری کے بغیر کشمیر کیسے بھارت کا اٹوٹ انگ ہوسکتا ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کو بھارت کے اس موقف پر کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اقوام متحدہ میں احتجاج کرنا چاہئے تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر پر سہ فریقی مذاکرات کا اہتمام کرے۔چوہدری عظیم کا مذید کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ملاقات کریں گے ،لندن میں آل پارٹی کانفرنس کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں یہ ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اس حوالے سے برطانیہ میں کشمیری جماعتیں بھی تعاون کریں۔
یورپ سے سے مزید