• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں ممکنہ کشیدگی، کرکٹرز کنڈیشننگ کیمپ ایک روز قبل ختم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور شہر کی ممکنہ سیاسی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستانی کرکٹرز کا کنڈیشننگ کیمپ منگل کو ایک روز قبل ختم کر دیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق کیمپ کا پہلا مرحلہ بدھ کوختم ہونا تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے باعث دوسرے مرحلےکو بھی غیر معینہ مدت کے لئےملتوی کردیا گیا ہے۔کیمپ کا دوسرا مرحلہ 26 مئی سے 10 جون تک لاہور میں جاری رہنا تھا۔ پی سی بی نے دوسروں شہروں کے کھلاڑیوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی ہدایت کر دی ہے۔ ادھر سدرن پنجاب اور ناردرن کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹرائلز ملتوی کردیئے گئے۔ سندھ کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ٹرائلز کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے۔کیمپ اور ٹرائلز کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔بدھ کوپی سی بی ہیڈ کوارٹر اور ایچ پی سی میں دفاتر بند رہیں گے ۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے پی سی بی کے ملازمین کو ورک فرام ہوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چار کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ فٹنس کا جائزہ لینے کے لئے صہیب مقصود شرجیل خان عمر اکمل اور حارث سہیل کو مدعو کیا گیا تھا۔