کراچی (پ-ر) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت پریس کی آزادی کا تحفظ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اخبارات میں اشتہارات کی تعداد اور معاوضے میں اضافہ کیا جائےگا،جب کہ جی ایس ٹی استثنا ء اور ود ہولڈنگ ٹیکس ریٹرنز کا معاملہ وزارت خزانہ میں اٹھائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اے پی این ایس کو یقین دہانی کروائی ہے کہ موجودہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور وہ پریس کی آزادی کا تحفظ کرے گی ۔ وہ پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل پر خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے یہ خطاب اسلام آباد میں اے پی این ایس کی ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس کے دوران کیا جہاں صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل ناز آفرین سہگل لاکھانی نے ان کی توجہ اخبارات کو درپیش مسائل کی جانب مبذول کروائی ۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ سے اخبار ملازمین کی تنخواہوں میں کم سے کم 146 فیصد اضافہ کیا گیا اور حکومت کو تجویز دی کہ وہ اخبارات کے اشتہارات میں اضافہ کرے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت نے اشتہارات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں جس کی وجہ سے اخباری صنعت سخت مالی مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے درخواست کی کہ اخبارات کے اشتہارات کی قیمتیں ، مہنگائی کی شرح کے تناسب سے بڑھائی جائیں۔ انہوں نے اخبارات میں سرکاری اشتہارات کا حجم 100 فیصد بڑھانے کی درخواست بھی کی تاکہ اخباری صنعت بحران سے نکل سکے۔ اے پی این ایس عہدیداران کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 2008 سے 2013 اور 2013 سے 2018 تک اور 2018 سے اب تک کے اخبارات کے واجبات ادا نہیں کیے ہیں، حالاں کہ اس ضمن میں متعدد بار وہ یقین دہانیاں کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مدت میں اے پی این ایس کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ اخبارات کو ود ہولڈنگ ٹیکس (ڈبلیو ایچ ٹی) جلد واپس کیے جائیں گےلیکن متعدد یاددہانیوں کے باوجود یہ ادائیگیاں نہیں ہوئیں۔ اے پی این ایس نے حکومت سے اخباری صنعت کو درآمدات پر استثناء دینے کی درخواست بھی کی۔ مریم اورنگزیب نے اے پی این ایس ایگزیکٹیو کمیٹی کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اے پی این ایس مطالبات سے متفق ہیں اور وہ اشتہارات کی قیمتوں میں اضافے کی یقین دہانی بھی کراتی ہیں، اس کے علاوہ اشتہارات کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ واجبات بھی جلد از جلد کلیئر کردیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جی ایس ٹی استثناء اور ڈبلیو ایچ ٹی ریفنڈز کا معاملہ وزارت خزانہ کے پاس اٹھایا جائے گا۔ ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد ، پی آئی او مبشر اور وزارت اطلاعات کے دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔