• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت اور عوام کو بچانے کیلئے سرخ لکیر عبور کرنے کی اجازت نہیں دینگے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اور عوام کو بچانے کیلئے ریڈلائن لگانے کا وقت آگیا ہے، معیشت کی بحالی اور عوام کے ریلیف کے راستے میں سرخ لکیر کھینچ دی ہے، کسی کو عبور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،فسادی اور فتنہ جتھہ پھر انتشار پھیلانے آ رہا ہے.

ملک تباہ کرنیوالوں کومزیدتباہی کی اجازت نہیں دی جاسکتی،لاہور میں پولیس اہلکار کمال احمد پر فائرنگ کرکے سرخ لکیر پار کی گئی، میڈیا سیاسی سرگرمیوں کی کوریج کرے لیکن شرپسندی، تشدد اور دہشت پھیلانے کی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کرے.

وزیراعظم شہبازشریف معیشت اور عوام کی حفاظت کرنے کے دوٹوک ارادے کا اظہار کرچکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خودمختاری کو بچانے کی جنگ میں کامیابی کیلئے سیاسی استحکام بنیادی ضرورت ہے۔

 پاکستان کو تباہ کرکے جانے والوں کو مزید تباہی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ معیشت اور عوام کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ معیشت جب بھی ٹیک آف کرنے لگتی ہے، عمران صاحب کی شرپسندی اس کے راستے کی رکاوٹ بنتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سی پیک آیا، عظیم دوست صدر شی جن پنگ نے پاکستان آنے کا اعلان کیا تو دھرنے کا اعلان ہوگیا تھا۔ آج پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو ریلیف دینے کا آغاز کیا ہے، کوئی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید