لاہور(نیوز ایجنسیاں ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے عمران سے بدلہ لے لیا ، خیبرپختونخوا سے بھی انہیں مایوسی ملی، پنجاب میں کل ملا کر500افراد بھی نہیں نکلے.
رانا ثنا اللہ نے درست کہا تھا کہ عمران خان 200 بندہ اکٹھا نہیں کر سکے گا، خیبرپختونخوا کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں، وہاں سے بھی عمران خان کو انتہائی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، خیبرپختونخوا نے ان کے انقلاب کو مسترد کر دیا۔
مریم نواز نے پریس کانفرنس اور ٹوئٹرپربیان میں کہا کہ عمران نے کہا تھا کہ 20 لاکھ لوگ آئیں گے، حکومت کا تختہ الٹ دیں گے، عمران خان کو آج قوم نے مسترد کردیا ہے، عمران خان کی آواز پر عوام سڑکوں پر نہیں آئے، عمران خان کرسی کی خاطر ملک میں آگ لگانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لگتا ہے خیبرپختونخوا نےبھی فتنہ خان کی کال پرکان نہیں دھرے۔ اچھی بات ہے کہ عوام نے فتنے کو نا صرف پہچان لیا بلکہ اس کا راستہ بھی روک لیا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کدھرگئے 20 لاکھ افراد؟ پنجاب میں کل ملا کر500 افراد بھی نہیں نکلے۔
کارکن تپتی سڑکوں پرخوار اورموصوف ہیلی کاپٹرپرسواریہ بری بات ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ لانگ مارچ نہیں ریاست پاکستان پردہشتگردی کا حملہ ہے۔
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ پرویز خٹک اور اسد قیصر نے 2 روز قبل ایاز صادق سے رابطہ کیا، ایازصادق نے نوازشریف سے کہا پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کچھ دو کچھ لو پر بات کریں.
نوازشریف نے کہا کسی کے کہنے پر انتخابات نہیں کروائیں گے، آج صبح 10 بجے اسپیکر ہاوس میں مذاکرات ہوئے۔