• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے لوٹنے کا خدشہ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز پنڈی سے ملتان منتقل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز پنڈی سے ملتان منتقل کردی ہیں۔ ملتان میں جون کے پہلے ہفتے میں سخت گرمی ہوگی لیکن سیاسی کشیدگی کی وجہ سے پی سی بی کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔ ون ڈے میچ شام چار بجے شروع کرنے کی تجویز ہے اور رات 12بجے تک ختم ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ میچز 8، 10اور 12 جون کو ہوں گے۔ جون میں کراچی میں شام کے اوقات میں موسم بہتر ہوتا ہے لیکن نیشنل اسٹیڈیم میں پچوں کی کھدائی کے بعد اس وقت وہاں کام جاری ہے اس لئے ملتان کو میچوں کی میزبانی دی گئی ہے۔ ملتان اسٹیڈیم 14سال بعد کسی ون ڈے انٹر نیشنل کی میزبانی کرےگا۔ 2008میں یہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کا ون ڈے میچ ہوا تھا جبکہ پی ایس ایل فائیو کے تین میچ بھی اس گرائونڈ میں ہوئے تھے۔ بدھ کو پنڈی اسلام آباد میں ہونے والی ہنگامہ آرائی اور چھ دن بعد پی ٹی آئی کی جانب سے مارچ کی ایک اور دھمکی کے بعدپی سی بی نے حکومت سے مشاورت کے بعد میچوں کو منتقل کردیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے وائٹ بال میچ بھی پنڈی سے لاہور شفٹ ہوگئے تھے۔ ذرائع کا کہناہے کہ پی سی بی نے اس بارے میں حکومت سے رائے مانگی تھی۔ پی سی بی باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔ بورڈ نےہوٹل کی بکنگ اور ائر لائن بکنگ شروع کردی گئی ہے اور اپنے فیصلے سے ویسٹ انڈین بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔ تین میچوں کی سیریز کاپہلا ون ڈے 8جون کو ہوگا۔ پنڈی میں ممکنہ کشیدگی کی وجہ سے حکومت نے میچ شفٹ کرنے کی اجازت دے دی ہے، سیریز بایو سیکیور ببل کے بغیر ہوگی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے دونوں ٹیموں کو غیر ملکی سربراہوں کے مساوی سیکیورٹی دی جائے گی ۔ ویسٹ انڈین ٹیم پانچ جون کو ملتان پہنچے گی۔ پی سی بی حکام نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی انتظامیہ کو میچز کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ بورڈ کی جانب سے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو ای میل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب براڈ کاسٹرز کو بھی اپنا سامان اور کریو ملتان لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسپورٹس سے مزید