لاہور(خبرایجنسی، مانیٹرنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قوم نے عمران خان کو ایبسیولوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے، عوام نے تمہارے آزادی مارچ کو بربادی مارچ بنا کر تمہیں دوبارہ پشاور بھیج دیا ہے ،لوگوںکے بچے ڈنڈے کھاتے رہے .
یہ ہیلی کاپٹر سے نیچے نہیں اترے ،سپریم کورٹ کے فیصلے سے ان کو شہ ملی اور انہوں نے اس کو استعمال کیا ، عمران نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی،میں سپریم کورٹ سے درخواست کروں گی اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں.
ان خیالات کا اظہار انہوںنے شہید کانسٹیبل کمال احمد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ میں شہید پولیس کانسٹیبل کی بیوہ اوربچوں سے مل کر آئی ہوں ، اضطراب کی کیفیت ہے اور میں اس دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی، میں خود ایک ماں ہوں، ایک بیٹی ہوں ، میں جانتی ہوں کہ ان کے گھر پر کیا قیامت ٹوٹی ہے ، ایک عورت جوانی میں بیوہ ہو گئی .
عمران خان نے اپنے جعلی انقلاب کی خاطر پانچ بچوں کو بچپن میں یتیمی کی دلدل میں دھکیل دیا ،یہ خون نا حق عمران خان کے سرپر ہے اور اس کا ذمہ دار عمران خان ہے ،شہید کانسٹیبل کی بیوہ بھی کہہ رہی تھی کہ میرے خاوند کو شہید کرنے کاذمہ دار عمران خان ہے ۔