راولپنڈی (نمائندہ جنگ)کمشنر راولپنڈی نورالامین مینگل نے کہا ہےکہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کو جواز بناکر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ اور ان کی قلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ریڑھی بازار, فیئر پرائس شاپ اور ڈی سی کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی سبسڈی ریٹ پر فراہمی بھی یقینی بنائی جائے، حکومت کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے لئے 2690 ٹن کا کوٹہ دیا گیا ہے اس لئے فوڈ انسپکٹر اور پرائس مجسٹریٹ فلور ملوں سے باقاعدہ ریکارڈ کھلوائیں اور اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ سبڈائزڈ آٹا عام عوام تک پہنچانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں پرائس کنٹرول کے حوالے سےاجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سیف انور جپہ, ڈپٹی کمشنر طارق فاروق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قاسم اعجاز،ڈائریکٹر ایگریکلچر سجاد حیدر،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ زمان احمد اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ نورالامین مینگل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ بھی ایک اجلاس کریں اور انہیں بتایا جائے کرایوں میں جائز اور مناسب اضافے کی اجازت ہوگی۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے بتایا کہ پرائس مجسٹریٹس کو فیلڈ میں رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ان کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جاتا ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹے میں ضلع راولپنڈی میں مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں 151 خلاف ورزیوں پر 157.000 تک جرمانہ، ایک عمارت سیل،8 ایف آئی آر اور 13 گرفتاریاں کی گئیں۔