• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ میں ہاکی ٹیم کی ناکامی، تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم کی شکست کی تحقیقات کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے غیر جانب دار انکوائری کمیٹی بنانے کے لئے اپنے ہی دوسلیکٹرز اورایک صوبائی عہدے دار پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے ایشیا ہاکی کپ میں ورلڈ کپ کوالیفائی نہ کرنے کی وجوہات جانچنے کیلئے قومی سلیکٹر کلیم اللہ کی سربراہی میں اولمپیئن ناصر علی،کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ظاہر شاہ پر مبنی تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ناصر علی بھی موجودہ سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں۔ہاکی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ کمیٹی کسی ریٹائر جج کی نگرانی میں بنائی جانی چاہئے تھی،انکوائری کمیٹی قومی ہاکی ٹیم کی وطن واپسی کے بعد 20 جون تک اپنی رپورٹ پی ایچ ایف صدر کو جمع کرائے گی۔رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی. واضح رہے کہ جاپان کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کے 12کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث پاکستان کی ٹیم کا گول مسترد کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے قومی ٹیم میچ برابر نہ کرسکی اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ٹیم ایشیا کپ کے وکٹری اسٹینڈ اور ورلڈ کپ میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔

اسپورٹس سے مزید