کوئٹہ(خ ن)ڈپٹی قونصل جنرل ایران محسنی فرد نے شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان محبت اخوت اور بھائی چارے کے رشتوں سے ہمیشہ جڑے رہے ہیں اور دونوں ہمسایہ ممالک سخت اور چیلنجنگ حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے آرہے ہیں اور بلوچستان کے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لئے ایران کے فائر فائٹر طیارہ کا آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لینا دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلقات کا مظہر ہے۔یہاں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے اعلیٰ حکام ہمیشہ خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ پاکستان کی درخواست پر ایران کی جانب سے حالیہ فائر فائٹر جہاز کی فراہمی بھی انہی تعلقات کے تقاضوں کو پورا کرنے کی ایک عمدہ مثال ہے۔ جس پر پاکستان کے اعلی حکام ،سیاسی جماعتوں اور عوام نے تہہ دل سے ایران کا شکریہ ادا کیا۔ جسکی ہم قدر کرتے ہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی حکام خاص سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای بھی اپنے برادر اسلامی جموریہ پاکستان کے ساتھ دلی لگاؤ رکھتے ہیں۔ شکر کا مقام ہے کہ ہمارے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم حکومت ایران اور ایرانی عوام کی طرف سے پاکستان کے اعلی حکام ، سیاسی جماعتوں اور عوام کی محبتوں کے بھی شکرگزار ہیں۔