• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت نے اجازت دیدی، ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز ملتان منتقل، ٹیموں کیلئے اسٹیٹ سیکورٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کی شب حکومت پنجاب سے تحریری اجازت ملنے کے بعد ویسٹ انڈیز کی سیریز کے تینوں ون ڈے انٹرنیشنل پنڈی سے ملتان اسٹیڈیم منتقل کردیئے ہیں۔میچوں کو پاکستانی امپائر اور میچ ریفری سپر وائز کریں گے۔ قبل ازیں میچ پنڈی ہونے تھے لیکن سیاسی کشیدگی کی وجہ میچوں کو ملتان شفٹ کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈین ٹیم چھ جون کواسلام آباد اترے گی اور اسلام آباد سے ملتان کے لئے چارٹرڈ جہاز بک کر لیا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کا کیمپ بدھ سے لاہور میں شروع ہوگا ۔ پانچ جون کو پاکستانی ٹیم سڑک کے راستے ملتان جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان میں دونوں ٹیموں کو اسٹیٹ سیکیورٹی دی جائے گی۔ اس لئے سیکیورٹی کی ذمے داری بھی پنجاب حکومت کی ذمے داری ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ ملتان اسٹیڈیم میں پچ، آئوٹ فیلڈ، ڈریسنگ روم اور پریس باکس میں تمام تیاری مکمل ہے۔ میڈیا اور دیگر لوگوں کے لئے ایکریڈیشن بھی پی سی بی نے تیار کر لئے ہیں البتہ اسپیشل برانچ سے کلیئرینس کا انتظار ہے۔ ٹیموں، میچ آفیشلز اور براڈ کاسٹرز کے لئے ہوٹل بھی بک ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریزراولپنڈی سے ملتان منتقل کردی گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز میں شامل تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ آٹھ، دس اور بارہ جون کو کھیلے جانے والے یہ تینوں میچز شام چار بجے شروع ہوں گے۔ سیریز کے لیے قومی کرکٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے چار جون تک نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جاری رہے گا۔ مہمان اسکواڈ چھ جون کواسلام آباد پہنچے گا، جہاں سے وہ بذریعہ چارٹرڈ طیارہ ملتان روانہ ہوگا۔ سیریز کے لئے میچ آفیشلز کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔8 جون: پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ ،علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ امپائرز)، راشد ریاض (تھرڈ امپائر)، فیصل آفریدی (فورتھ امپائر) اور محمد جاوید (میچ ریفری)10 جون ،علیم ڈار اور آصف یعقوب(آن فیلڈ امپائرز)، احسن رضا (تھرڈ امپائر)،فیصل آفریدی (فورتھ امپائر) اور محمد جاوید (میچ ریفری)12 جون:تیسرا ون ڈے ،علیم ڈار اور راشد ریاض (آن فیلڈ امپائرز)، آصف یعقوب (تھرڈ امپائر)، فیصل آفریدی (فورتھ امپائر) اور محمد جاوید (میچ ریفری) پاکستانی ٹیم میںبابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر) محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دہانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ سپورٹ اسٹاف میںمنصور رانا (ٹیم منیجر)، ثقلین مشتاق (ہیڈ کوچ)، شان ٹیٹ (بولنگ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، ڈرکس سائمن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، احسن افتخار ناگی (میڈیا منیجر)، کرنل ریٹائرڈ عمران (سیکورٹی منیجر)، طلحہ اعجاز (اینالسٹ) ، محمد عمران (مساجر)، عمار احسن (ڈیجٹل کنٹنٹ پروڈیوسر) اور ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو (ٹیم ڈاکٹر) شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید