کراچی (جنگ نیوز) ڈیجیٹل میڈیا جہاں معلومات کی رسائی کا ایک موثر ذریعہ ہے وہیںفریب اور دکھاوے کی ایک کہکشاں بھی ہے۔ دکھاوے کے اس سراب میں تخلیق کی گئی ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کی نئی ڈرامہ سیریل ”چوراہا“ منگل کو پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی سے“ شروع کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ”چوراہا“ کے عنوان سے تخلیق کی گئی اس کہانی کو ایڈیسن ادریس مسیح نے اپنے قلم سے تراشہ ہے جبکہ دلکش عکس بندی کے ساتھ کرداروں کو احسن طالش کی ہدایات نے جلا بخشی ہے۔ اس ڈرامے کی ابتدا ایک ایسے گھر کی کہانی سے ہونے والی ہے جہاں گھر کے مکینوں کو مرد کا سائبان میسر نہیں، باہر کی فضا سے لا علم گھر کی چار دیواری میں بیوہ ماں اور پھوپھی کی کل کائنات ”ڈیجیٹل“ کے پُر فریب جال میں اپنی سادگی میں کیسے اُلجھتی چلی جائے گی؟۔ یہ تمام احوال ڈرامہ سیریل ”چوراہا“ میں ہر پیر اور منگل شب 8بجے نشرکیا جائے گا۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں میکال ذوالفقار، مدیحہ امام، بشریٰ انصاری، بہروز سبزواری، اسد صدیقی، صبا حمید، شبیر جان، عائشہ گل اور عریشہ رازی خان شامل ہیں۔