• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیریں مزاری گرفتاری معاملہ پر جوڈیشل کمیشن جلد تشکیل دیا جائیگا، وفاقی حکومت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا ہے کہ ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کے معاملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی سمری بھجوائی جا چکی ہے ، توقع ہے جلد ہی کمیشن تشکیل ہو جائیگا اس پر عدالت نے کیس کی سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شیریں مزاری کی گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کی اس موقع پر ڈاکٹر شیریں مزاری اور انکی بیٹی درخواست گزار ایمان مزاری پیش ہوئیں ۔ بعد ازاں ڈاکٹر شیریں مزاری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن آزاد ہونا چاہئے ، مجھے گرفتار نہیں بلکہ جبری طور پر گمشدہ کرنے کی کوشش کی گئی ، اینٹی کرپشن پنجاب کے یونٹ نے سرکاری گاڑیاں استعمال نہیں کیں بلکہ اسلام آباد نمبر کی سفید گاڑیاں تھیں ، میری گاڑی اور موبائل سادہ کپڑوں میں ملوس شخص نے لے لئے ، میرے ڈرائیور کو کس نے مارا اور میری گاڑی کو کہاں غائب کیا گیا یہ سب باتیں کمیشن میں ہونگی،ہم کمیشن سے تعاون کرینگے اور سوالات بھی اٹھائیں گے، ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ کل رات 9 بجے کے قریب پولیس کی دو وین گھر پر آئیں ، دو اہلکاروں کی تصویریں بھی شیئر کی ہیں ، خواتین پولیس اصرار کر رہی تھیں کہ میں خود باہر آوں ، انہیں بتایا کہ میں گھر پر نہیں اگر کچھ دینا ہے تو سٹاف کو دیدیں ، بعد میں انہوں نے نوٹس دیا جو پڑھ کر حیرت ہوئی کہ جیسے میں کوئی دہشتگرد ہوں۔
ملک بھر سے سے مزید