کراچی (ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے عزائم ایک دہشت گرد جیسے ہیں.
دہشت گرد بھی اسی طرح ہتھیاروں کے ساتھ حملہ آور ہوتے ہیں اور میں پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ جہاد نہیں فساد ہے اور اس فساد کیخلاف ردالفساد کرینگے.
تحریک انصاف کے معصوم بچوں کو مروایا، عمران خان نے اپنی ذاتی جنگ اور انتشار میں جھونکا، کہاں ہیں عمران خان کے اپنے بیٹے؟،جہاد ہر مسلمان پر فرض ہے، تو ان کے بچے بھی مسلمان ہیں تو آئیں جہاد میں اور جہادیوں کی فرنٹ لائن میں کھڑے ہوں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا بیان ایک صوبے کو وفاق سے لڑانے اور ایک صوبے کو دوسرے صوبے سے لڑانے کی گھناؤنی سازش ہے کہ اگر مجھے اقتدار نہ ملا تو میں ہر جگہ آگ لگا دوں گا۔یہ کہتےہیں راستہ کھولیں توانقلاب لائیں گے،انقلاب توخودراہیں کھولتاہے۔
مری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ آج پاکستان جس قسم کے حالات سے دوچار ہے اس میں ہم کس جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اس سے قطع نظر ہماری پاکستانیت اور حب الوطنی ہم سب کو آواز دے رہی ہے، ہمارا ملک ہم سب کو آواز دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران معیشت پر جو کاری ضربیں لگیں، اس بے حس حکومت نے چار سال سوائے انتقام اور سرکاری وسائل اپنی ذات پر خرچ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ 18-2017 میں اچھا بھلا ترقی کرتا ہوا پاکستان آج ہر شعبے میں تنزلی کا شکار ہے اور پاکستان کی معیشت اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 30 روپے فی لیٹر پیٹرول ڈیزل مہنگا کرنے کا جو معاہدہ عمران خان کر کے چلا گیا تھا اور آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ کر چلا گیا، اس سے بڑی سازش کسی اور نے پاکستان کے ساتھ نہیں کی جو عمران خان کر کے چلا گیا.
75 سال میں کسی آمر پر بھی یہ بدنما داغ نہیں لگا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عمران خان آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ گیا اور یہ قانون بنا دیا کہ اسٹیٹ بینک جو بھی کرے گا.
اس کو عدالت بھی ہاتھ نہیں لگا سکتی۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان بارودی سرنگیں بچھا گیا ہے اور یہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے اور کڑوا گھونٹ پینا پڑ رہا ہے.
یہ عمران خان اتنا بڑا نااہل تھا اور اس کی ترجیحات اتنی غلط تھیں کہ وہ ممالک جو کبھی پاکستان کے دوست ممالک کی صف میں کھڑے ہوتے تھے، آج ان سارے ممالک کو دشمنوں کی صف میں اپنی بے وقوفیوں سے دھکیل گیا ہے۔