• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر غداری کے مقدمہ کا کوئی ارادہ نہیں، شاہد خاقان

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں قیمت خرید کے مطابق کی ہیں، سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا نے کہاکہ پٹرول پرسبسڈی دینا نامناسب تھا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے میں تاخیرکی، حکومت آہستہ آہستہ پٹرول کی قیمتیں بڑھاتی تو بہتر ہوتا،سینئر صحافی و تجزیہ کار طلعت حسین نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی حکمت عملی متنازع باتیں کر کے مسلسل خبروں میں رہنا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ عمران خان بیساکھیوں اور درپردہ سپورٹ کی سیاست کے عادی ہوچکے ہیں اپنے تئیں کچھ نہیں کرسکتے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار اینکر طلعت حسین نے کہا کہ عمران خان انقلاب بذریعہ عدالت لانا چاہتے ہیں، سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاکہ حکومت کا عمران خان پر غداری کا مقدمہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ن لیگ ایسے معاملات میں نہیں پڑتی نہ ہی عمران خان کو ایسا کوئی خطرہ ہے،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں قیمت خرید کے مطابق کی ہیں کوئی ٹیکس نہیں لے رہے، عمران خان ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گے تو ریاست کو کچھ کرنا پڑے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج مقبولیت یا غیرمقبولیت کی بات نہیں ، آج ملک کا سوال ہے، ن لیگ نے ہمیشہ ملک کے معاملات کو ترجیح دی ہے، سب سے آسان کام یہی تھا کہ عمران خان کا تماشہ دیکھتے رہیں، ملک کو تباہ اور معیشت کو ڈوبتا دیکھتے رہیں مگر اپنی سیاست برقرار رکھیں، ہم نے مشکل فیصلے کردیئے ہیں مدت پوری کریں گے اورمعیشت کوا ستحکام دیں گے،مشکل فیصلوں کیلئے تین ہفتے مشاورت کی، پٹرول ڈیزل کی قیمتیں قیمت خریدکے مطابق کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، حکومت پٹرول اور ڈیزل پر کوئی ٹیکس نہیں لے رہی ہے ۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو اعتماد دے کر ملکی حالات بہتر کرنا ہوں گے، جو آدمی مداخلت سے آیا ہو وہ مداخلت کی بات ہی کرے گا، عمران خان چار سال کا حساب دے ملک کے ساتھ کیا کیا ہے، آج سیاست کا نہیں ملکی مسائل حل کرنے کا وقت ہے، عمران خان سیاست کی کوشش کرلیں انہیں کچھ نہیں ملے گا، مشکل فیصلوں سے ہی معیشت کو استحکام ملے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر مداخلت ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے تو بے شک مداخلت ہوجائے، ن لیگ نے کبھی سیاسی مفاد کی بات نہیں کی ملکی مفاد پر بات کی ہے، عمران خان کی ہر بات اپنی سیاست اور ذات کیلئے ہے، اتحادی حکومت مشکل فیصلے کرے مدت پوری کرے پھر الیکشن میں جائے، انتشار اور نفاق میں ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے، سیاسی حکومتیں سیاسی معاملات سے نہیں گھبراتیں، عمران خان احتجاج چاہتے ہیں تو شوق سے کریں، اگر عمران خان ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کریں گے تو ریاست کو کچھ کرنا پڑے گا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کے ہر ادارے کو تباہ کیا اور گالیاں نکالی ہیں، عمران خان نے پٹرول کی قیمتیں منجمد کر کے معیشت پر بے انتہا بوجھ ڈالا، پاکستان نے تاریخ میں کبھی قیمت خرید سے کم پر پٹرول ڈیزل فروخت نہیں کیا، پہلے پٹرول ڈیزل پر ٹیکس ہوتا تھا حکومت قیمتوں میں اضافے کو جذب کرلیتی تھی اب گنجائش نہیں ہے، ملکی معیشت ڈھائی ہزار ارب روپے کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مشکل فیصلوں کے علاوہ کوئی چوائس نہیں تھی، حکومت غریب عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی دے گی، غریبوں کو کچھ رقم دی جائے گی تاکہ اس فیصلے کے اثرات برداشت کرسکیں، ہم نے ماضی میں بھی کبھی مقبول فیصلے کر کے وقتی طور پر مفاد حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کیخلاف غداری کا مقدمہ بنانے کے بارے میں نہیں سنا، مسلم لیگ ن ان معاملات میں نہیں پڑتی، عمران خان کو ایسا کوئی خطرہ نہیں ہے، عمران خان کی آئین اور ملکی قوانین توڑنے کی بات واضح ہے، جس طرح آئین کو توڑا گیا وہ سب کے سامنے ہے،عمران خان نے رانا ثناء اللہ کو پندرہ کلو ہیروئن ڈال کر گرفتار کروایا تھا۔

اہم خبریں سے مزید