کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ اوپنر عابد علی نے کہا کہ میرا اس وقت ہدف یہی ہے کہ پاکستان کی ایک بار پھر نمائندگی کروں۔ مکمل ری ہیب کے بعد ٹریننگ کر رہا ہوں، کنڈیشننگ کیمپ میں نام آیا تو بہت پرجوش تھا، ہارٹ سرجری کے بعد ٹریننگ کے لئے تمام ہدایات پر مکمل عمل کیا۔ ہفتے کوپاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر عابد علی کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ عابد علی نے واپسی کے لئے بہت محنت کی ہے، وہ بہت زیادہ پر جوش ہیں اور ان کا دل کرتا ہے کہ وہ دوبارہ ٹیم میں آئیں ۔ عابد علی نے کہا کہ کرکٹ میں واپسی پر بہت زیادہ خوشی ہو رہی ہے، لوگ کہہ رہے تھے شاید میری کرکٹ ختم ہو گئی ہے مگر میں نے خود کو متحرک رکھا۔ فیملی اور کوچز نے سپورٹ کیا، سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، میری کوشش ہو گی کہ اپنی فٹنس پر فوکس کروں اور بہتر سے بہتر رکھوں۔