لاہور(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں)سابق صدر آصف زرداری سے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وفد کے ہمراہ بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ورکنگ ریلیشن شپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آصف زرداری نےحمزہ شہباز کو منصب سنبھالنے پرمبارکباد دی اور ورکنگ ریلیشن شپ مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے عمران خان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں کا مل کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اورضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے پر اتفاق کیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ عوام کی خدمت کے سفر میں ایک ہیں اورایک رہیں گے، پیپلز پارٹی اتحادی جماعت ہے، ساتھ لیکر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنانے کیلئے مشاورت جاری رہے گی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد عوام کی خدمت کیلئے ہے، سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں اور اجتماعی فیصلوں کا قائل ہوں۔
اس موقع پر زرداری کا کہنا تھاکہ ہم نے اتحاد کو مضبوط بنانا ہے اور اس کے ذریعے ہی عوام کو درپیش گھمبیر چیلنجز کا حل ممکن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے مشاورت سے کئے جانے چاہئیں ، صوبے اور عوام کی بہتری کیلئے اتفاق رائے قائم کریں گے۔
آن لائن کے مطابق ملاقات کے بعد سابق صدر کی جانب سے مہمان وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔