• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ایران سے بلوچستان کو بجلی برآمدات میں اضافے کی درخواست

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کی ایران سے بلوچستان کو بجلی برآمدات میں اضافے کی درخواست ، ایران کا دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے بجلی فراہمی پر آمادگی کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نےاسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہمسائیگی کی اہمیت اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر زور دیتے ہوئے ایران سے پاکستانی صوبے بلوچستان کو بجلی کی برآمدات میں اضافے کی درخواست کی ہے۔ منگل کی شام اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے میں پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کا استقبال کیا۔ ملاقات میں ایران کے نائب سفیر محمد سورخابی، پاکستان کے نائب وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے سربراہ اور پاکستان کی وزارت توانائی اور سمندری امور کے بعض حکام نے بھی شرکت کی۔ دونوں فریقین نے ایران پاکستان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون بالخصوص توانائی کے شعبے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت علاقائی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔ پاکستان کے وزیر منصوبہ بندی نے توانائی کے شعبے بالخصوص پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقوں میں بجلی کی برآمد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور گہرا کرنے کے لیے اسلام آباد حکومت کے عزم پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نے کہا کہ ہم پڑوسی اور برادر ملک ایران کی مدد سے مکران کے ساحل سمیت صوبہ بلوچستان کو بجلی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی نے ایران کے سفیر سے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے خاص طور پر ایران سے بلوچستان کو موجودہ 104 میگاواٹ بجلی کے علاوہ بجلی کی برآمد میں 100 میگاواٹ کا اضافہ کرنے کی درخواست کی۔ پاکستان میں ایران کے سفیر حسینی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو بجلی فراہم کرنے کے لیے آمادگی کا اعلان کیا۔
اہم خبریں سے مزید