اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر E12 کے متاثرین 35 سال بعد بھی معاوضہ اور حقوق نہ ملنے پر سی ڈی اے کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست لے کر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔ متاثرین نے چیف جسٹس اطہر من اللہ سے ملاقات کی اور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرانے پر سی ڈی اے کے خلاف کارروائی کی استدعا کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے متاثرین کو ہائی کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرا ئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ 35سال سے چل رہا ہے ۔ 14 جون 2021 کو ہائی کورٹ نے متاثرین کے حق میں فیصلہ دیا مگر اس فیصلے پر آج تک عملدرآمد نہیں ہوا۔ عدالتی حکم کے باوجود جگہوں پر قبضے ہو رہے ہیں ، ہمیں باہر نکالا جا رہا ہے۔ ہم چیف جسٹس اطہر من اللہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں وقت دیا اور فیصلے پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کرائی۔