• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے IMFسے کئے معاہدے بھگت رہے ہیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معیشت کا نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے، عمران خان کے آئی ایم ایف سے کئےگئے معاہدے بھگت رہے ہیں، عمران خان مزید ڈیڑھ سال اقتدار میں رہتے تو ان کی سیاسی قبر تیار ہوجاتی، عمران خان قومی اداروں میں سیاسی بنیادوں پر تقرریاں کرنا چاہ رہے تھے، نیب میں وہ ترامیم کی ہیں جو عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں لکھی ہیں، جاوید اقبال کی بطور چیئرمین نیب تقرری میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ماہر معاشیات ڈاکٹر زبیر بھی شریک تھے۔ڈاکٹر زبیر نے کہا کہ سیاسی بحران کے باعث پی ٹی آئی حکومت نے مقبول فیصلے کیے ،عدم اعتماد سے ایک ماہ پہلے آئی ایم ایف پروگرام آن ٹریک اورڈالر مستحکم تھا ،موجودہ حکومت نے دو ماہ میں کوئی واضح معاشی پروگرام نہیں دیا، ترقیاتی و غیر ترقیاتی اور ملٹری و نان ملٹری اخراجات میں 15 فیصد کمی کی جائے، معیشت کی بہتری کیلئے حکومت مانیٹری پالیسی مکمل تبدیل کرے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو عمران خان کے آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کو بھگتنا پڑرہا ہے،ہم حکومت میں آئے تو 9سو روپے کا ترقیاتی بجٹ ساڑھے 500ارب روپے رہ گیا تھا، عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر عمل نہ کر کے معیشت کو بگاڑا، ہم سابقہ حکومت کے حصے کا بوجھ اٹھارہے ہیں، سبسڈی کیلئے پیسے رکھے بغیر پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی، عمران خان جاتے ہوئے نئی حکومت کیلئے بارودی سرنگیں لگا گئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان مزید ڈیڑھ سال اقتدار میں رہتے تو ان کی سیاسی قبر تیار ہوجاتی، عمران خان قومی اداروں کے ساتھ کھیل رہے تھے، عمران خان قومی اداروں میں سیاسی بنیادوں پر تقرریاں کرنا چاہ رہے تھے، عمران خان قومی اداروں کے ذریعہ دوبارہ اگلے الیکشن کو ہائی جیک کرنا چاہتے تھے۔

اہم خبریں سے مزید