اسلام آ باد ( رانا غلام قادر، نیوز رپورٹر ) وزیر اعظم شہباز شریف اسلام آ باد ایکسپریس وے پر پی ڈبلیو ڈی انڈر پا س سے جی ٹی روڈ تک ساڑھے سات کلو میٹر پورشن کی توسیع و بحالی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ سی ڈی اے نے گزشتہ روز اس پراجیکٹ کیلئے ٹینڈر اوپن کئے۔ پیپرا رولز 42ایف کے تحت صرف دو سرکاری تعمیراتی کمپنیوں ایف ڈبلیو او اور این ایل سی نے بولی میں حصہ لیا۔ سی ڈی اے نے این ایچ اے شیڈول2014کے تحت لاگت کا تخمینہ ساڑھے سات ارب روپے لگایاتھا۔ این ایل سی نے گیارہ ارب ستر کروڑ کی بولی دی جبکہ ایف ڈبلیو او نے دس کروڑ نناوے لاکھ روپے کی بولی دی جو تخمینہ لاگت سے48فیصد زیادہ ہے۔ساڑے سات کلومیٹر چار رویہ ہائی وے تعمیر کی جا ئے گی۔ جاپان روڈ پر انڈر پاس بنے گا ۔ بھنڈر پل اور سواں پل تعمیر کئے جائیں گے۔ پراجیکٹ اٹھارہ میں مکمل ہوگا۔ پراجیکٹ سی ڈی اے سیلف فنانس پر اپنے وسائل سے مکمل کرے گا۔سیکٹر آئی پندرہ ٹو کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا ٹینڈر بھی اوپن کردیاگیا ۔ اس ٹینڈر میں این ایل سی اور ریل کاپ نے حصہ لیا۔ ریل کاپ نے ایک ارب چالیس کروڑ کی بولی دے کر یہ ٹینڈر جیت لیا۔ سی ڈی اے نے لاگت کا تخمینہ ایک ارب تیس کروڑ روپے لگایا تھا۔یہ پراجیکٹ بھی 18ماہ میں مکمل ہوگا۔ یہ چھوٹا کام تھا جسے سر کاری کمپنیوں سے کرانے پر سی ڈی اے کے ٹھیکیداروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔