کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام امیر ضلع حافظ نورعلی کی قیادت میں جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تحفظ ناموس رسالت ﷺ مظاہرہ کیا گیا ، قبل ازیں ریلی نکالی گئی جس میں جماعت اسلامی و برادر تنظیموں کے کارکنوں سمیت عوام نے شرکت کی ،مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نور علی ، عبدالمجید سربازی ، عبدالمنان ہاشمی ، محمد رمضان ، نورالدین غلزئی اور ڈاکٹر نعمت اللہ نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے نبی اکرم ﷺ کی شان میں گستاخی کے مسئلے پر ہندوستان کا سماجی ، تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کرے، گستاخان کو سزا و نئی دہلی کی جانب سے اس حرکت پر معافی مانگنے تک یہ بائیکاٹ جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی بھارتی حکومت کی اسلام مخالف سرگرمیوں کا نوٹس لے اور اس حوالے سے خصوصی اجلاس بلائے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان نبی پاک کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ، بھارت کی ناقابل برداشت حرکت پر پاکستانی حکمرانوں کا نرم موقف 22 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کی توہین ہے ، پوری امت مسلمہ نے بھارتی گستاخی پر بھرپور احتجاج کیا ہے بدقسمتی سے مسلمانوں کے حکمران غافل اور مجرمانہ خاموشی کا شکار ہیں ۔