• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشکل حالات میں حقیقی بجٹ دیا، معیشت کو استحکام ملے گا، شاہد خاقان

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں ریلیف دینے کی پوری کوشش کی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے چینی، گندم اور کھاد درآمد کرنے پر مجبور ہیں، مشکل حالات میں حقیقی بجٹ دیا اس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔

وہ جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر تجزیہ کارشاہزیب خانزادہ اور سینئر صحافی خرم حسین بھی شریک تھے۔ 

شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ حکومت نے پورا بجٹ امیدوں پر بنایا ہے، وزیرخزانہ کو اس بجٹ پرآئی ایم ایف سے بھی مشکل وقت ملے گا،حکومت نے جو بجٹ دیا اس سے انہیں سیاسی نقصا ن ہوگا۔

خرم حسین نے کہا کہ ن لیگ آدھا راستہ چل کر حکومت ختم کرتی ہے تو الیکشن میں سنجیدہ چیلنج کا سامنا ہوگا، حکومت کو آئی ایم ایف کو پروگرام کی بحالی کیلئے ٹھوس ریونیو پلان پیش کرنا ہوگا۔ 

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان نے کبھی اپنی حکومت کا بجٹ دیکھا ہے جو ہمارے بجٹ کو سمجھا ہوگا، پچھلی حکومت نےآئی ایم ایف سے جو معاہدے کیے بجٹ میں اس کی جھلک ہے،حکومت نے بجٹ میں ریلیف دینے کی پوری کوشش کی ہے۔

دنیا میں کموڈٹیز کی ریکارڈ قیمتوں کے باوجود بجٹ میں عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالاہے، عمران خان کی حکومت کی وجہ سے ہم چینی، گندم اور کھاد امپورٹ کررہے ہیں، عمران خان نے پٹرول کا جو حال کیا وہ بھی سب کے سامنے ہے، ہم نے مشکل حالات میں حقیقی بجٹ دیا ہے۔

اس پر تنقید کی جاسکتی ہے لیکن اس سے معیشت کو استحکام ملے گا، ہم نے بجٹ بنادیا ہے اب اس پر عملدرآمد کرنا ہے، حکومت نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کیے تھے انہیں بجٹ میں پورا کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ دنیا میں پاکستان کا تاثر ذمہ دار ملک کے طور پر جائے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا میں ریکارڈ سطح پر ہیں ، ہماری کوشش ہوگی عوام تک اس کے اثرات کم سے کم منتقل کیے جائیں، اس وقت بات سیاست کی نہیں ملک کی ہے،دنیا میں کوئی ملک قیمت خرید سے کم پر پٹرول اور ڈیزل فروخت نہیں کرتا ہے۔

سینئر تجزیہ کارشاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے جو بجٹ دیا اس سے انہیں سیاسی نقصا ن ہوگا، حکومت نے پورا بجٹ ہی امیدوں پر بنایا ہے، عمران خان بھی حکومت نہ چلنے کی بات ٹھوس معلومات کے بجائے امید پر کررہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید