کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) اکتوبر میں پاکستان انٹر نیشنل والی بال ٹور نامنٹ کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے مطابق ایونٹ 10سے16اکتوبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ متوقع طور پر بھارت، ایران، قازقستان، سری لنکا، ازبکستان ، آذر بائی جان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حصہ لینگی۔ بھارت کے والی بال حکام نے اپنی ٹیم کو ایونٹ میں شر کت کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ پاکستان نے دو ٹیمیں کھلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بال فیڈریشن کے چیئر مین چوہدری یعقوب نے جنگ کو بتایا کہ بھارتی حکام کا رویہ بہت مثبت ہے اور انہوں نے باہمی سیریز کے انعقاد کی بھی خواہش ظاہر کی ہے ، ہم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ان کے کھلاڑیوں کو ویزے کیلیے کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔انٹر نیشنل ایونٹ کی میزبانی عالمی فیڈریشن نے دی ہے جس کے لئے پاکستان والی بال فیڈریشن نے حکومت سے رابطہ کرلیا، جلد ہی بین الصوبائی رابطے کے وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری اور پی ایس بی کے حکام سے ملاقات کر کے انہیں ٹور نامنٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔