ٹوکیو (عرفان صدیقی) عمران خان کی حکومت میں سی پیک منصوبے کو پوری منصوبہ بندی کے ساتھ نقصان پہنچایا گیا ، سابق حکومت کے اہم وزیروں عبدالرزاق داؤد اور فواد چوہدری نے حکومت کے قیام کے ساتھ ہی سی پیک منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا۔ یہ بات وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے جاپان میں ن لیگی ارکان اور جنگ سے خصوصی ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں سی پیک اتھارٹی گوادر کی ترقی کے لیے نہیں بنائی گئی جس سے وزارت اور سی پیک میں اختیارات کی غیر منصفانہ تقسیم ہوئی جس سے سی پیک منصوبوں کی رفتار ناقابل یقین حد تک سست روی کا شکار ہوئی جس کے بعد اب سی پیک اتھارٹی کو ختم کرکے براہ راست ہماری وزارت سی پیک کے معاملات کو تیز رفتاری سے چلانے میں مصروف ہے۔