اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بلوچستان کے ساحل پر واقع گوادر شہر کے نئے ہوائی اڈے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آزمائشی پروازوں کا آغازرواں برس دسمبر میں ہو جائے گا۔ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔50ارب روپے سے زائد (246ملین ڈالر) کی لاگت سے نیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 4ہزار 300ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور یہ ستمبر 2023کی ڈیڈلائن سے قبل آپریشنل ہوجائے گا۔ حکومت نے گوادر میں 50بیڈز کے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال کو 150بیڈز کے سٹیٹ آف دا آرٹ میڈیکل سینٹر میں تبدیل کردیا ہے تاکہ علاقے کے رہائشیوں کو آئندہ برس جنوری سے صحت کی مفت سہولیات میسر ہوں۔ گوادر کے پرانے قصبے کی بحالی کے لئے 67فیصد وسائل وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ بلوچستان کی حکومت گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت بقیہ اخراجات برداشت کرے گی۔ ان ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت پانی کی نکاسی، فراہمی اور تقسیم کے منصوبوں کو جلد مکمل اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔