کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) سی ٹی ڈی نے ہائیکورٹ ، سیشن کورٹ اور ایف سی و پولیس پر دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک اہم ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے نصب دھماکہ خیز مواد، ایک موٹرسائیکل اور اسلحہ قبضے میں لے لیا ملزم ڈی آئی جی ،آرآرجی ٹرک،سرینا ہوٹل کے پارکنگ اور سائنس کالج چوک حملوں میں ملوث رہا۔ گرفتار دہشتگرد ڈی آئی جی حامد شکیل ،آر آر جی کے ٹرک اور سرینا ہوٹل پارکنگ میں خود کش حملوں سائنس کالج گیٹ پر جمعیت علمائےنظریاتی کے کارکنوں کو بم سے نشانہ بنانے سمیت دس سے زائد بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں ۔ ان واقعات میں ڈی آئی جی، ڈی ایس پی و 9 پولیس اہلکار سمیت 28افراد شہید جبکہ 24پولیس اہلکاروں دو اسسٹنٹ کمشنرز سمیت 161افراد زخمی ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم نے کوئٹہ میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا ہے اور اس مقصد کیلئے تنظیم کے کارندےداخلی راستوں سے کوئٹہ میں داخل ہو رہے ہیں جس پر سی ٹی ڈی کی ٹیم نے داخلی راستوں کی نگرانی شروع کر دی۔