اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے موجودہ حکومت کی جانب سے گھی کی قیمتوں میں 250 روپے کی بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 300 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگا،گھی پر 3 ارب کی سبسڈی دینگے ، مارکیٹ قیمت 550روپےکلو تک پہنچ چکی ،یوٹیلٹی سٹور پر 250روپے فی کلو سبسڈی ملے گی ،، سستا آٹا سکیم کے تحت ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، 2018ء میں آٹے کی قیمت 35 روپے فی کلو تھی جو پچھلے چار سال کے دوران 90 روپے سے 100 روپے فی کلو اور گھی 550 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا، پچھلی حکومت نے چار سال میں مافیا اور کارٹلز کی جیبیں بھریں، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا گیا، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے سبسڈی اور ریلیف دینے کے اقدامات کر رہی ہے۔پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی سستا آٹا سکیم کے بعد ملک میں سستا گھی سکیم شروع کی جا رہی ہے ، 9 جون کو گھی کی مد میں سبسڈی کا آغاز کیا گیا جس کا مجموعی حجم 3 ارب روپے ہے۔