کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پا کستاناور انگلینڈ سیریز کی میزبانی کے لیے پرجوش ہیں، انگلینڈ کی ٹیم اس وقت دنیا کی بہترین ٹیم ہے ان کی انتظامیہ نئی ہے۔ پاکستان کی نئی ٹیم فتوحات حاصل کررہی ہے اس لئے اچھے مقابلے کی توقع ہے ورلڈ کلاس ٹیم کے لئے کھیلنے کے لئے پاکستان کرکٹ کا بڑا تاریخ ساز لمحہ ہے۔ 20،25 سال میں یہ سال ہمارے لئے بہت اہم ہے جس میں انگلینڈ نے دوبار پاکستان آنا ہے۔ امید ہے کہ کرکٹ فرنٹ سیٹ پر رہے۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا سے منگل کوقذافی اسٹیڈیم لاہور میں ملاقات کی۔ اس دوران انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سال انگلش کرکٹ ٹیم ستمبر میں سات ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلنے پاکستان آئے گی۔ نومبر دسمبر میں ٹیم تین ٹیسٹ کھیلنے دوبارہ آئے گی۔ رمیز راجا نے کہا کہ انگلش تماشائی اور کرکٹ ماہرین دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے پاکستان آنا چاہتے ہیں۔کرکٹ ہمارے خون میں ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ یہ کھیل دونوں ممالک کو جوڑتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان 75 سالہ دوستی کا بھی جشن منارہے ہیں۔ ملاقات میںپی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین اور ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن بھی شامل تھے۔کرسٹن ٹرنر نے کہا کہ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا بے چینی سے منتظر اور پرجوش ہوں، انگلینڈ کی ٹیم17سال بعد پاکستان آرہی ہے۔ رمیز راجا سےاچھی بات چیت ہوئی ، دورے کے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ کرکٹ دونوں ملکوں کے شائقین کے دلوں میں بستی ہے اس لئے دنیا بھر میں اس سیریز کا شدت سے انتظار ہورہا ہے۔ دورے کے انتظامات کے سلسلے میں پی سی بی اور ای سی بی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ رمیز راجا نے کہا کہ کرسٹن ٹرنر سے بہت اچھی ملاقات ہوئی۔ اس دورے کی اونر شپ پی سی بی اور برطانوی ہائی کمشنر نے لی ہے۔ کوشش کریں گے غیر معمولی انتظامات والا مثالی دورہ کراسکیں۔ رمیز راجا نے کہا کہ دورے کی تاریخوں کا جلد اعلان کریں گے جس کے بعد دورے کے حوالے سے سرگرمیاں شروع کریں گے۔ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ انگلینڈ سے شائقین پاکستان آنے کے لئے تیار ہیں۔ ہم ان کی میزبانی کے لئے تیار ہیں۔